منڈگوڈ 27/ستمبر (ایس او نیوز) تعلقہ کے ونے کیری پنچایت حدود کے اورلگی نامی دیہات میں ایک شخص کی درخت سے گرکر موت واقع ہوگئی جس کی شناخت ننھا ساب مُلّا (55) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ننھا ساب متعلقہ دیہات میں ایک آم کے باغ میں مزدوری کے کام پر مامور تھا، اتوار کو وہ آم کے نئے درخت لگوانے کے لئے باغ میں گیا تھا، پھر واپس گھر نہیں لوٹا۔ سمجھا جارہا ہے کہ آم کے نئے درخت لگوانے کے لئے پہلے وہ باغ کے اندر جگہ بنا رہا تھا، جس کے لئے وہ باغ میں موجود ساگوانی درختوں کی شاخوں کو کاٹنے کے دوران اچانک درخت سے نیچے گرا اور وہیں فوت ہوگیا۔
جب وہ تین دن سے گھر نہیں لوٹا تو آج بدھ کو گھروالوں نے اُس کی تلاش شروع کردی، جس کے دوران آج آم کے باغ میں ہی اس کی لاش برآمد ہوئی۔
منڈگوڈ پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔